تہران (اردو ٹائمز) ٹرمپ کی جیت پر ایران کا رد عمل بھی آ گیا
تہران:ایران کی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ امریکی انتخابات سے ایرانی عوام کی زندگیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
رپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابات میں کامیابی پر ایران کی جانب سے پہلا رد عمل سامنے آ گیاہے جس میں ترجمان ایران حکومت کا کہناتھا کہ امریکی انتخابات ہمارے معاملات نہیں ہیں، ہماری پالیسیاں مستقل ہیں اور افراد کے مطابق تبدیل نہیں ہوتیں۔ ہم نے ضروری پیش بینی کر لی ہے اور عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی،
ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدارت کے قریب آنے پر ایران کی کرنسی کی قدر تاریخی سطح تک گر گئی ہے۔ تہران کے تاجروں کے مطابق، ایرانی ریال کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں 703,000 ریال پر پہنچ گئی ہے، جس میں دن بھر مزید تبدیلی آ سکتی ہے۔
ٹرمپ نے 2018 میں یکطرفہ طور پر ایران کے نیوکلیئر معاہدے سے امریکہ کو نکال دیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سالوں سے جاری کشیدگی مزید بڑھی۔ ایران کی معیشت برسوں سے بین الاقوامی پابندیوں کے بوجھ تلے دب چکی ہے جو اس کے نیوکلیئر پروگرام کے تیزی سے بڑھنے پر عائد کی گئی ہیں۔ اس وقت ایران یورینیم کو قریباً ہتھیاروں کی سطح تک افزودہ کر رہا ہے۔