منشیات کا استعمال اور فروخت ہماری نسلوں کیلئے خطرہ ہے ، ڈی ایس پی
مظفرآباد۔27مئی (اے پی پی):ڈپٹی سپر یٹنڈنٹ پولیس مظفرآباد اشتیاق گیلانی نے کہا ہے کہ منشیات کا استعمال اور فروخت ہماری نسلوں کیلئے سنگین مسائل اور خطرہ ہے ،شہری سول سوسائٹی ،وکلاء سمیت معاشرے کا ہر با شعور شخص اس کے سد باب کیلئے پولیس اور دیگر اداروں کا ساتھ دے ،منشیات ایک لعنت ہے جو ہماری نسلوں کے مستقبل کیلئے تباہ کن ہے، چند افراد اپنی ذات کو تسکین پہنچانے کیلئے ہمارے بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں ،جو انتہائی گھنائونا عمل ہے ،سب نے مل کر اس کا قلع قمع کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تھانہ صدر کے زیر اہتمام منشیات کے خلاف کی جانے والی واک کے دوران کیا۔ واک میں ایس ایچ او تھانہ صدر راجہ یاسر علی خان سمیت منتخب کونسلر رئو ف بخاری ،طلباو کلا ء اور عام شہریوں نے شرکت کی ۔ ڈی ایس پی سٹی اشتیاق گیلانی کے مطابق واک کا بنیادی مقصد شہریوں کو آگا ہ کرنا ہے کہ ہمارے معاشرے کا ایک فیصد سے بھی کم طبقہ ہمارے بچوں کے مستقبل کو خراب کر رہا ہے ،پولیس سمیت ہر با شعور شہری کا فرض ہے کہ وہ اپنے ار گرد ایسے لوگوں پر نظر رکھیں ،محکمہ پولیس اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہی ہے کہ منشیات جیسی لعنت کا خاتمہ کیا جائے لیکن چوری چھپے لوگ اس مکروہ دھندے میں ملوث پائے گئے ہیں جن کی سر کوبی بہت ضروری ہے ،نوجوان اس لعنت کے خاتمے میں پولیس کا ساتھ دیں پولیس ایسے نوجوانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں مظفرآباد کے تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر مختلف مقامات پر ایسی واک کا انعقاد کیا جائے گا۔