لاہور (اردو ٹائمز) پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے ٹریفک حادثے میں جاں بحق
لاہور: پنجاب کے شہر لیاقت پور میں کار اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک ٹریفک حادثہ لیاقت پور میں نبی پور کے قریب پیش آیا جہاں جانوروں کے لوڈ کھڑے ٹرک سے تیز رفتار کار ٹکرا گئی۔
حادثے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل جرنل سکریٹری اور سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی سمیت 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 52 سالہ سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی اور 57 سالہ محمد اکبر شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ سلطان، 45 سالہ حنیف اور 55 سالہ جند وڈا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ مخدوم سید علی حسن گیلانی پاکستان مسلم لیگ (ن) اور آزاد حیثیت سے 2 مرتبہ ایم این اے منتخب ہوئے تھے، 2017 میں پاکستان مسلم لیگ کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی جوائن کر لی تھی، 2 مرتبہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا مگر کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔