LOADING

Type to search

بین الاقوامی

قاہرہ (اردو ٹائمز) اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کی غزہ بحران پر گفتگو، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

تحریر: ریحان خان
قاہرہ: پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے منگل کے روز غزہ اور مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بے گناہ فلسطینیوں کی جانیں مزید ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔
یہ ملاقات قاہرہ میں منعقدہ ڈی-8 وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، بالخصوص غزہ میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کے مسئلے پر اپنے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کیا، اور کہا کہ ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام، 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانا، مسئلے کا واحد حل ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے ڈی-8 سربراہی اجلاس اور وزارتی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مصر کی حکومت کو مبارکباد پیش کی اور وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کا پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے دیرینہ اور قریبی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے سیاست، دفاع، ثقافت، معیشت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور عوامی سطح پر روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے غزہ کے عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے اہم کردار اور فلسطینی علاقوں میں جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں کو سراہا۔
اس ملاقات میں پاکستان اور مصر کے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا اور فلسطین کاز کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر زور دیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com