LOADING

Type to search

انٹرٹینمنٹ

قیصر نظامانی کا چھوٹے بیٹے کے اغوا ہونے سے متعلق انکشاف

پاکستانی سینئر اداکار و سیاستدان قیصر نظامانی نے انکشاف کیا ہے اُن کے گھر میں کام کرنے والی ملازمہ نے اُن کے چھوٹے بیٹے کو اغوا کر لیا تھا، اسی لیے اب ہم گھر میں کوئی ملازم نہیں رکھتے۔

حال ہی میں اداکار قیصر نظامانی نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اُن کی اہلیہ فضیلہ قاضی نے کئی دہائیوں سے گھر میں کوئی ملازم نہیں رکھا، وہ گھر کے تقریباً سب کام خود کرتے ہیں۔

قیصر نظامانی نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جب ہم کمرشل ایریا کے اپارٹمنٹ میں رہتے تھے تو گھر میں ایک خاتون کام کرنے آتی تھی، وہ چھوٹے والے بیٹے زورین کو اُس وقت اغوا کر کے لے گئی تھی جب وہ تقریباً 8 ماہ کا تھا۔

قیصر نظامانی نے بتایا کہ زورین بالکل اپنی ماں کے جیسا بہت پیارا تھا، اُس کی ماں جیسی بڑی بڑی آنکھیں تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک روز پڑوسیوں نے اُنہیں بتایا کہ آپ کا بچہ سیڑھیوں کے پاس پڑا ہے، کیا آپ اُسے وہاں چھوڑ کر آئے ہیں؟

قیصر نظامانی نے کہا کہ ہم یہ سن کر بھاگے تو وہ سیڑھیوں پر پڑا ہوا تھا، جب واقعے کا علم ہوا تو پتہ چلا کہ ملازمہ بچے کو لے کر جا رہی تھی، گھر کے باہر موجود دکانداروں نے ملازمہ سے سوالات کیے تھے کیوں کہ وہ زورین کے بارے میں جانتے تھے۔

قیصر نظامانی نے کہا کہ جب خاتون سے سوالات ہوئے تو وہ ڈر کے مارے بچے کو سیڑھیوں پر ہی چھوڑ کر چلی گئی، اس واقعے کے بعد سے ہم نے گھر میں کبھی کسی ملازم کو رکھنے کا کوئی خطرہ مول نہیں لیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اس واقعے کے بعد فضیلہ سے کہا کہ اگر یہ چلا جاتا تو تم ہر سگنل پر اسے تلاش کرتیں۔

اداکار نے انٹرویو کے دوران والدین سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ مہربانی کر کے اپنے گھروں میں خود کام کریں یا پھر ایسے افراد کو گھر میں ملازم رکھیں  جن کے باپ دادا کو آپ جانتے ہوں۔

قیصر نظامانی کا مزید کہنا تھا کہ ہر کوئی برا نہیں ہوتا مگر احتیاط کریں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com