خیبرپختونخوا پولیس نے نو مئی کے پرتشدد مظاہروں میں مطلوب پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کو گرفتار کرلیا۔تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق ایم این اے شاہد خٹک کو پولیس نے پشاور سے گرفتار کیا، شاہد خٹک کی گرفتاری کے حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کی گئی ہے، شاہد خٹک 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں پر پولیس کو مطلوب تھے اور ان کے خلاف کرک میں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
ایم این اے شاہد خٹک کے خلاف کرک میں دہشت گردی، روڈ بندش اور توڑ پھوڑ کے مقدمات درج ہیں، ایم این اے شاہد احمد 9 مئی واقعات کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔ اسی طرح پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مینا خان آفریدی کو ایم این اے شاہد خٹک کے ساتھ ہی گرفتار کرلیا گیا، مینا خان آفریدی کو بونیر سے پشاور پولیس نے گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مینا خان آفریدی پر انسداد دہشت گری کی دفعات کے تحت تھانہ خان رازق شہید میں مقدمہ درج ہے۔