سپر ٹیکس کیلئے نئی انکم ٹیکس سلیبز تجویز، سپر ٹیکس کن لوگوں سے لیا جائیگا؟
نئے مالی سال کے مالیاتی بل میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔
بجٹ میں ایک تجویز سیکشن فور سی کے تحت سپر ٹیکس کی ریشنلائزیشن کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 15کروڑ روپے سالانہ اضافی آمدنی والوں سے سپر ٹیکس وصول کیا جائےگا۔
سپر ٹیکس کیلئے اضافی تین نئی انکم سلیب تجویز کی گئی ہیں۔ ایک سلیب 35کروڑ سے 40کروڑ روپے سالانہ آمدنی والوں کی ہے، دوسری 40کروڑ سے 50کروڑ سالانہ آمدنی والوں کی ہے اور تیسری 50کروڑ روپے سے زیادہ سالانہ آمدنی والوں کی ہے۔
پہلی انکم سلیب جو 35کروڑ سے 40 کروڑ روپے تک سالانہ آمدنی والوں کی ہے ان سے 6 فیصد سپر ٹیکس وصول ہوگا۔
40سے 50کروڑ سالانہ آمدنی رکھنے والوں سے 8 فیصد سپر ٹیکس لیا جائیگا اور 50کروڑ روپے سالانہ سے زیادہ آمدنی والوں سے 10فیصد سپر ٹیکس لینے کی تجویز ہے۔