لاہور(اردو ٹائمز) رمضان شوگر مل ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو بھجوانے کا حکم
احتساب عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے رمضان شوگر مل ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو بھجوانے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر ملز ریفرنس کی منتقلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی، وزیر اعظم کے نمائندہ انوار حسین عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس کو اینٹی کرپشن عدالت میں منتقل کیا جائے، اینٹی کرپشن کی عدالت میں نیب ریفرنس کو منتقل کرنے پر اعتراض نہیں ہے، جس پر عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس کی منتقلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعدازاں احتساب عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی استدعا منظور کر لی اور ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو بھجوانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔