اسلام آباد (اردو ٹائمز) احتجاج، توڑ پھوڑ کیس، زرتاج گل اور عمر ایوب کو عدالت سے ریلیف مل گیا
اسلام آباد ( آئی پی ایس) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور فیصل امین کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی، زرتاج گل، ان کے وکلا سردار مصروف، آمنہ علی اور زاہد بشیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔
عمر ایوب کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت نے عمر ایوب کی حاضری معافی کی استدعا منظور کر لی۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ فیصل امین اور عمر ایوب کی بھی ضماتیں لگی ہیں، 5 دسمبر کو رکھ لیتے ہیں، جس پر سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ 2 شریک ملزمان کی مقدمے میں ایک جیسے کردار پر ضمانت منظور ہو چکی۔
جج نے کہا کہ اسٹیٹس ایک ہے تو ایک ہی دن دیکھ لیتے ہیں، جس پر زرتاج گل نے کہا کہ ہمیں اسٹیٹس کی ہی سزا مل رہی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ پر تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج ہے۔