کراچی (اردو ٹائمز) چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا آغاز آج ہو گا، وزیر اعظم افتتاح کریں گے
کراچی : 4 روزہ دفاعی نمائش آئیڈیازکا آج سے روایتی انداز میں آغاز ایکسپو سینٹر میں ہو گا،افتتاح وزیراعظم پاکستان کرینگے،پچھلے آئیڈیاز کے مقابلے میں اس مرتبہ 17 کے قریب نئے ممالک بشمول ایران، اٹلی اوربرطانیہ شرکت کررہے ہیں،ایک ہال نئے اسٹارٹ اپ کے لیے مخصوص ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مقامی ہوٹل میں ایک اہم نوعیت کا پاکستان ڈیفنس پروڈکشن پوٹینشل سیمینارکا انعقاد کیاجائے گا، دفاعی نمائش میں پاکستانی ساختہ ٹینک حیدرمتعارف کروایاجائیگا، پاکستانی ساختہ شہپر3 ڈرون نمائش میں رکھاجائے گا۔
سامان حرب کی نمائش آئیڈیاز2024 میں رواں سال 55 ممالک اپنی مصنوعات اوراثاثوں کیساتھ شریک ہورہے ہیں، ہردوسال بعد منعقد ہونیوالی آئیڈیازکے انعقاد کے لیے ایکسپوسینٹرکے6 ہالزکے علاوہ 3 خصوصی مارکیاں بھی قائم کی گئی ہیں، نمائش میں 224 مقامی اور333بین الاقوامی کمپینزکے اسٹالزلگائے گئے ہیں۔
کراچی کے شہریوں کے لیے تینوں مسلح افواج کے پیشہ ورانہ تربیت کا کراچی شو21 نومبر کو پیش کیاجائے گا، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نوازچیمہ کے مطابق ایکسپوکے عین سامنے سے گزرنے والی دورویہ سڑک سرشاہ سلیمان روڈ نمائش کے دوران صبح سات بجے سے شام سات بجے تک بند رہے گی۔
دریں اثنا آئیڈیاز2024،پاکستان کی دفاعی قوت اور شراکت داری کے نئے دور کا آغاز، ایس آئی ایف سی کا مقصد پاکستان کی دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر مستحکم کرنا ہے، اس نمائش میں جدید اور روایتی دفاعی سازوسامان کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا جو پاکستان کی صنعتی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ نمائش غیر ملکی وفود، حکومتی عہدیداروں اور نمائش کنندگان کے درمیان موثر نیٹ ورکنگ فراہم کرتا ہے، آئیڈیاز کی ٹیم جدید سہولتوں اور سافٹ ویٔر کے ذریعے نیٹ ورکنگ کو موثر طریقے سے ہم آہنگ کرتی ہے،ایس آئی ایف سی کا مقصد پاکستان کی دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے جس سے قومی سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔