راولپنڈی (اردو ٹائمز) سیکیورٹی فورسز کی بنوں اور خیبر میں کارروائیاں، 8خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت 2جوان شہید
راولپنڈی (آئی پی ایس )سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 2مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کر دیا، آپریشنز کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہاد ت نوش کیا، ضلع خیبر میں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن محمد ذوہیب الدین نے جام شہادت نوش کیا، ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں کیے گئے آپریشن کے دوران پنجاب کے ضلع جھنگ کے رہائشی 29 سالہ سپاہی افتخار حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے مقام پر موثر انداز میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں پانچ خوارج مارے گئے جبکہ نو خوارج زخمی ہوئے۔تاہم اس آپریشن کے دوران ضلع جھنگ کے رہائشی 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں کی گئی ایک اور کارروائی میں تین خوارج ہلاک کئے گئے جبکہ دو کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔اس شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، لاہور کے رہائشی 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور شہادت کو گلے لگا لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے، زخمی اور گرفتار تمام خوارج سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹزئانگ آپریشن جاری ہیں، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔کیپٹن محمد زوہیب شہید نے تین سال سے زائد عرصے تک پاک فوج میں دفاع وطن کے فرائض سرانجام دئیے، انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں۔جبکہ سپاہی افتخار حسین شہید نے آٹھ سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں اور سوگواران میں اہلیہم ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔