اسلام آباد (اردو ٹائمز) خیبرپختونخوا حکومت کرم کے حالات پر سنجیدہ اقدامات کرے، وفاقی وزیرقانون
اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڈ نے 26نومبر کو قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کرم کے حالات پر سنجیدہ اقدامات کرے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر قانون اور پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم صوبائی خود مختاری کو فوقیت اور عزت دیتے ہیں اورلا اینڈ آرڈر صوبائی معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک صوبہ مدد نہیں مانگتا تب تک وفاق وہاں نہیں جاتا، اس معاملے پر وزیر داخلہ کو بھی ہدایت کی گئی کہ صوبے کے ساتھ رابطے میں رہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے اے پی سی بلائی لیکن وزیر اعلی خیبر پختونخوا نہیں گئے، کرم کے حوالے سے گزارشات وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے نوٹس میں لاوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے گزارش ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مل کے آگے بڑھیں۔اعظم نذیرتارڑنے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کرم کے حالات پر سنجیدہ اقدامات کرے، 26نومبر کو جنہوں نے قانون ہاتھ میں لیا تھا ان کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔