پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور پارٹی رہنما اسد قیصر نے اسپیکر آفس سے رابطہ کیا، اسپیکر آفس نے پی ٹی آئی کو حکومت کی جانب سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرین سگنل پر پی ٹی آئی نے ایوان کے بائیکاٹ کا فیصلہ بدل کر باقاعدہ شرکت کی تھی، گرین سگنل کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے ٹی او آرز تیار کرنے شروع کر دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مذاکرات میں سیاسی قیدیوں کی رہائی اور سیاسی مقدمات ختم کرنے پر بات ہوگی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ٹی او آرز تیار کر کے اسپیکر آفس کو بھجوائے جائیں گے، اسپیکر کی جانب سے حکومت کو تفصیلات تحریری طور پر بھجوائی جائیں گی، ان تفصیلات کی روشنی میں حکومتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار تک حکومتی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی عمران خان سے جمعہ کو ملاقات کا متوقع ہے۔وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کو بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے لیے درخواست دے دی ہے۔مذاکراتی کمیٹی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، حامد خان، ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجا، علامہ راجا ناصر عباس اور حامد رضا خان شامل ہیں۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال مذاکرات کی متقاضی ہے، مذاکراتی عمل ثبوتاز نہیں ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے۔