اسلام آباد (اردو ٹائمز) سعودی عرب نے جرمنی کو حملہ آور کی انتہا پسندانہ پوسٹس پر خبردار کیا تھا
رپورٹ: ریحان خان
اسلام آباد، (اردو ٹائمز)21 دسمبر (ٹی این ایس): سعودی عرب نے جرمن حکام کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر طالب عبدالجواد کی انتہا پسندانہ پوسٹس کے بارے میں مطلع کیا تھا، جو جمعہ کی شام وسطی جرمنی کے ایک کرسمس بازار میں گاڑی گھساکر کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت اور 200 سے زائد کے زخمی ہونے کا سبب بنا، سعودی ذرائع نے یہ بات بتائی۔
سعودی عرب نے ہفتے کے روز میگڈبرگ، جرمنی میں پیش آنے والے اس المناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں کار حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں جرمن عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مملکت کے تشدد کے خلاف مستقل مؤقف کا اعادہ کیا۔
وزارت نے جاں بحق افراد کے خاندانوں، جرمن حکومت، اور عوام سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا، ساتھ ہی زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔