الیکشن کسی کی خواہش پر نہیں، آئین کے مطابق ہونے چاہئیں، قمر زمان کائرہ
وزیراعظم کے معاون خصوصی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کسی ایک جماعت کی مرضی اور خواہش پر نہیں بلکہ آئین کے مطابق جمہوری اصول کے مطابق ہونے چاہئیں۔اتوار کو ایک انٹرویو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو آزادانہ اور شفاف انتخابات میں عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کے لیے حکومت بنانے اور ملکی مسائل کو حل کرنے کا پورا حق حاصل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوام میں مضبوط جڑیں ہیں جو عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو مکمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گالیوں کی سیاست پر نہیں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ غربت اور مہنگائی کے خلاف لڑ رہی ہے۔قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ غریبوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لیے کام کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا الزام ناقابل قبول ہے کیونکہ آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے)کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی کامیابی آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی پارٹی کے لیے مکمل حمایت کی عکاسی کرتی ہے