LOADING

Type to search

قومی قومی خبریں

میوہسپتال کی حالت بہت بری ہے، 4ماہ کے اندر 2مراحل میں ہسپتال کی بہتری کے لئے ٹاسک دے دیا:محسن نقوی

میو ہسپتال کو اگلے 4ماہ میں نیا سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنایا جائیگا، نیا ہسپتال نہیں بنا رہے، پرانے ہسپتالوں کو ٹھیک کررہے ہیں
میو ہسپتال کو آغاخان کے لیول کا ہسپتال بنایاجائیگا، فیکلٹی اچھی ہے لیکن بہتری کی بہت زیادہ گنجائش ہے:میڈیا سے گفتگو
لاہور22جون: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ میو ہسپتال کی صورتحال کسی بھی لحاظ سے درست نہیں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ میو ہسپتال کو آغاخان ہسپتال کے برابر ہسپتال بنایاجائے۔ بلاشبہ میو ہسپتال کی فیکلٹی بہت اچھی ہے لیکن یہا ں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش ہے۔ میں نے آج ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیاہے۔ ہسپتال کی حالت بہت بری ہے۔ میں نے 4ماہ کے اندر 2مراحل میں ہسپتال کی بہتری کے لئے ٹاسک دے دیاہے۔ وہ آج میوہسپتال کے دورے کے بعد کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ادویات نہ ملنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں

اور واش رومز بھی انتہائی خراب ہیں۔ میو ہسپتال کو اگلے 4ماہ میں نیا سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنایا جائے گا او راس پر دن رات کام کریں گے۔ میں گزشتہ کئی روز سے مختلف ہسپتالوں کے دورے کررہا ہوں تاکہ صورتحال کاخود جائزہ لوں اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر صحت عامہ کی سہولتو ں میں بہتری لائی جائے۔ ہم کوئی نیاہسپتال نہیں بنا رہے بلکہ پرانے ہسپتالوں کی حالت کو ٹھیک کررہے ہیں۔چلڈرن ہسپتال میں بھی بچوں کے علاج معالجے کے لئے بستروں کی تعداد میں اضافہ کیاجارہاہے او رجدید آلات منگوائے جارہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ مختصر وقت میں جہاں تک ہوسکے عوام کو صحت عامہ کی اچھی سہولتیں میسر ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیڈی ولنگٹن ہسپتال کے کچھ حصے کو خطرناک قراردیاگیاہے ہم اس کا متبادل انتظام کررہے ہیں او رمیں نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ہسپتال کی تعمیر ومرمت کے لئے ا قدامات شروع کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتالو ں میں اے سی بھی بند نظر آتے ہیں او رمریضو ں کو مفت ادویات بھی نہیں مل رہیں،ان تمام مسائل کو حل کرنا ہے اور مجھے امیدہے کہ ہم اس ضمن میں بہتری لانے میں کامیاب ہوں گے۔
٭٭٭

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com