وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ایرانی سفیر رضا امیری مغدام کی ملاقات
اسلام آباد، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔
وزیر خارجہ بلاول نے ڈاکٹر مغدام کو پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارکباد دی۔ دونوں معززین نے پاک ایران تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں ایران کے نامزد سفیر ڈاکٹر رضا امیری موغادم 08 جون 2023 کو اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔ وہ سید محمد علی حسینی کی جگہ آئے ہیں، جو اپنے ملک کے دفتر خارجہ میں نئی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تہران گئے ہیں۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے سفیر ڈاکٹر رضا امیری موغادم کی تقرری کی حتمی منظوری دی۔ سفارتی ذرائع نے ایرانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان روانگی سے قبل سفیر پر زور دیا کہ وہ اسلامی انقلاب کے اصولوں اور اقدار کو اجاگر کریں تاکہ سیاحت, صحت,اقتصادیات، سائنس، ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں ملک کی منفرد صلاحیتوں کو متعارف کرایا جا سکے۔
ایرانی صدر نے اقتصادی تعلقات کوفروغ دینے، سیاسی تعلقات کو گہرا کرنے اور بیرون ملک مقیم ایرانیوں کو موثر خدمات فراہم کرنے کو مختلف ممالک میں ایران کے نئے تعینات ہونے والے سفیروں کے اہم ترین مشنوں میں سے ایک مشن قرار دیا ہے ۔