LOADING

Type to search

قومی قومی خبریں

اسلام آباد(اردو ٹائمز ) : .سی ڈی اے کا عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھر سے آلائشیں تلف کرنے کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کیپٹن نور الامین مینگل کی ہدایت پر اسلام آباد شہر میں صفائی ستھرائی کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے دوران بھی سینی ٹیشن ونگ کی جانب سے مؤثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے.

تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر اسلام آباد شہر کو چار مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا تاکہ مطلوبہ نتائج تک رسائی حاصل کرنے میں کامیابی ہوسکے. عیدالاضحی کے پہلے روز شہر بھر میں مجموعی طور پر 94 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کی گئی. جس میں 52 ہزار سے زائد اوجڑیاں اور دیگر آلائشیں چھوٹے جانوروں کی جبکہ 42 ہزار سے زائد آلائشیں بڑے جانوروں کی تلف کی گئیں. جن کا وزن تقریباً 1676.552 ٹن بنتا ہے.

عید الاضحی کے دوسرے روز بھی سینی ٹیشن ونگ کا عملہ الصبح ہی جدید گاڑیوں اور مشینری کے ساتھ فیلڈ میں موجود تھا تاکہ شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں. عید الاضحی کے دوسرے روز شہر میں مجموعی طور پر 31 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے جانور قربان کئے گئے. جس میں تقریباً 18 ہزار چھوٹے جانور جبکہ 13 ہزار سے زائد بڑے جانوروں کی آلائشیں تلف کی گئیں. جن کا وزن تقریباً 542.066 ٹن بنتا ہے. اسی طرح شہر بھر میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کا بھی ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا.

اس ضمن میں آلائشیں تلف کرنے کے لئے 45 مختلف مقامات پر 97 سے زائد گڑھے حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق جدید ٹیکنالوجی کو مدنظر رکھتے ہوئے کھودے گئے. اسی طرح صفائی ستھرائی کے انتظامات کے لئے شہر میں دو مختلف مقامات پر ایمر جنسی سیل بھی قائم کئے گئے جو شعبہ سینی ٹیشن کے مرکزی دفتر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں.

مزید برآں جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کے لئے شہریوں میں بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگز عیدالاضحی سے قبل ہی تقسیم کردئیے گئے تھے. سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کردئیے گئے ہیں اور شہریوں نے جانوروں کی آلائشیں اٹھوانے کے لئے 1334 یا 9213908 پر بھی رابطہ کیا. واضح رہے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ بھی کردیا گیا.

سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے بھی ھر ممکن تعاون کی اپیل کی کہ جانوروں کی آلائشیں اور اوجھڑیاں وغیرہ مختص جگہوں پر ہی تلف کریں تاکہ تعفن اور بدبو پھیلنے کا اندیشہ نہ ہو.

اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی ایکشن پلان عیدالاضحی کے تیسرے دن بھی جاری رہے گا. واضح رہے اس آپریشن میں اسلام آباد کے شہریوں کا بھرپور تعاون رہا اور شہریوں کی طرف سے صفائی آپریشن کو بھرپور سراہا بھی گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com