وزیرستان(اردوٹائمز) : شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکا، پاک فوج کے تین جوان شہید.
………شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید جبکہ تین معصوم شہری بھی زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق 05 جولائی 23 کو ضلع شمالی وزیرستان کے شہری علاقے میرانشاہ میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔
دھماکے کے نتیجے میں میانوالی سے تعلق رکھنے والے 41سالہ نائب صوبیدار صاحب خان، ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے 40سالہ نائیک محمد ابراہیم اور مردان سے تعلق رکھنے والے 24سالہ سپاہی جہانگیر خان نے جام شہادت نوش کیا جبکہ تین بے گناہ شہری بھی زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملہ آور کا مقصد سیکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنانا تھا تاہم ڈیوٹی پر موجود فوجیوں کو شک ہوا اور انہوں نے جرات مندی کا مظاہرہ کر کے خودکش حملہ آور کو بروقت روک کر علاقے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔
شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کو مسلسل نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے لیکن پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے مادر وطن کے دفاع کو غیرمتزلزل اور دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔
گزشتہ ہفتے یکم جولائی کو سیکیورٹی فورسز نے ٹانک اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں کامیاب کارروائیوں کے دوران فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث 6 سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
اس سے قبل 28 جون کو بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے عنایت قلعہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کمانڈر سمیت 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، مارے گئے دہشت گردوں میں کمانڈر شفیع بھی شامل تھا۔
خیال رہے کہ 20 جون کو خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بم دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ دیسی ساختہ بم دھماکے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی گل رؤف اور ضلع کرک کے رہائشی 23 سالہ سپاہی عابد اللہ شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس سے قبل 18 جون کو ضلع کوہاٹ میں درہ آدم خیل کے علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران اہم عسکریت پسند کمانڈر اور اس کے دو ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔