اسلام آباد(اردوٹائمز)پی ایف یو جے نے پیمرا ترمیمی بل میں صحافتی اداروں کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر سرکاری اشتہارات روکنے کی ترمیم کو تاریخ ساز قرار دیدیا
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پیمرا ترمیمی بل 2023 میں صحافتی اداروں کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر حکومت کی جانب سے ملنے والے سرکاری اشتہارات روکنے کی ترمیم کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے اپیل کی ہے کہ میڈیا مالکان کو پابند بنایا جائے کہ وہ یکم سے سات تاریخ تک ماہانہ تنخواہ ادا کیا کریں اور یہ ابہام بھی دور کیا جائے کہ چینل مالکان اب دو ماہ بعد تںخواہ ادا کیا کریں گے۔
پی ایف یو جے نے کسی بھی ٹی وی چینل کی نشریات معطل کرنے سے متعلق چیئرمین پیمرا کااختیار ختم کر کے کونسل آف کمپلینٹس کو اختیارات منتقل کرنے کی ترمیم کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ و سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے مشترکہ بیان میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور وزارت اطلاعات کے طویل مشاورتی عمل کے نتیجے میں مختلف ٹی وی چینلز، ڈائریکٹر نیوز، بیورو چیفس، رپورٹرز ،ویڈیو جرنلسٹس ، پروڈیوسرز، نیوز کاسٹرز اور اینکرز کیخلاف شکایات سننے والی کونسل آف کمپلینٹس میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کو نمائندگی دینے سے متعلق آئینی ترمیم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ووٹ کا حق بھی دیا جائے۔
پی ایف یو جے نے حکومت اور پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ پیمرا ترمیمی بل 2023 میں ڈِس اِنفارمیشن و مِس اِنفارمیشن اور مجوزہ سزاں کی ترمیم کے حوالے سے عامل صحافیوں کے خدشات و تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورت کا دائرہ کار وسیع کیا جائے اور حتمی مشاورت تک اس شق کو بِل کا حصہ نہ بنایا جائے