پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل برمنگھم میں شیڈول ورلڈ گیمزکےلئے قومی ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کرے گی
اکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل رواں سال برمنگھم میں ہونے والی ورلڈ گیمزکےلئے قومی بلائنڈکرکٹ ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کرے گی۔منگل کوپاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ ورلڈ گیمزرواں سال 17 سے 27اگست تک برطانیہ کے شہربرمنگھم میں کھیلے جائیں گے جن میں بلائنڈ کرکٹ ایونٹ کوپہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ گیمزکے بلائنڈ کرکٹ ایونٹ میں 5 ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں پاکستان،بھارت،بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں، تمام ممالک نے ایونٹ میں شرکت کےلئے رجسٹریشن کرالی ہے اورایونٹ میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایونٹ کی تیاری کےلئے ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 23 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے جن میں سے 17باصلاحیت کھلاڑیوں کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا۔
سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ گیمز میں بلائنڈ کرکٹ ایونٹ کو پہلی مرتبہ شامل کرنے پر انتظامیہ کے شکرگزار ہیں ، امید ہے کہ ان گیمزمیں بلائنڈکرکٹ میچز میں دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے جس سے شائقین بھرپور انداز میں لطف اندوز ہونگے