وزیر اعلی پنجاب ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اورمعیار کو یقینی بنانا چاہتے ہیں،نگران صوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز
نگران وزیر مواصلات و ایکسائز پنجاب بلال افضل نے کہاہے کہ وزیر اعلی پنجاب جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اورمعیار کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کمشنر شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنراکرام الحق بھی ان کے ہمراہ تھے۔نگران وزیر مواصلات و ایکسائز پنجاب نے کہا کہ وہ مجوزہ منصوبوں کی منظوری کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں گے اور پنجاب حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے ای ٹینڈرنگ پر کام تیز کیا جائے۔انہوں نے زیر تعمیر سمندری ساہیوال روڈ، ساہیوال بائی پاس اور جھال روڈ اوور ہیڈ برج کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے سمندری روڈ پر واقع قطب شاہانہ پل پر دریائے راوی کے کٹا ئوکاجائزہ لیا۔قبل ازیں کمشنر نے ساہیوال شہر کے اندرون جی ٹی روڈ اور دیپالپور اوکاڑہ روڈ کو دوہرا کرنے کی نئی سکیم کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے ساہیوال میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کا مطالبہ بھی کیا جس پر وزیر مواصلات نے یقین دلایا کہ وہ متعلقہ حکام کو ان مجوزہ سکیموں کے لیے بھر پورسفارش کریں گے