LOADING

Type to search

قومی قومی خبریں

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق اچھرہ کے 8 نوجوانوں کے لواحقین کی ملاقات

”جاں بحق نوجوان اپنے خاندانوں کا سہارا تھے“،محسن نقوی کا لواحقین کیلئے15، 15 لاکھ روپے مالی امداد کااعلان
پنجاب حکومت کی طرف سے مالی امداد آپکے پیاروں کی جان کا نعم البدل نہیں، پیاروں کی جدائی کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا
محسن نقوی کا لواحقین سے افسوسناک واقعہ پر دکھ اور رنج کا اظہار، جاں بحق نوجوانوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی
پنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہے،زخمی نوجوانوں کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی:محسن نقوی
لاہور8جون: ……نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے اچھرہ کے 8 نوجوانوں کے لواحقین نے ملاقات کی۔حادثے میں زخمی ہونے والے 3 نوجوانوں محمد فہد، معین علی اور محمد حسنین کے اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔محسن نقوی نے جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کے لئے15، 15 لاکھ روپے مالی امداد کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ جاں بحق نوجوان اپنے خاندانوں کا سہارا تھے۔پنجاب حکومت کی طرف سے مالی امداد آپ کے پیاروں کی جان کا نعم البدل نہیں۔ جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کی جدائی کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا۔ محسن نقوی نے جاں بحق نوجوانوں غلام میراں، اظہر اشرف، عمیر احمد، شاہنواز، بلال جیلانی، ولید ابرار، راحیل محمود اور رحیم خان کے لواحقین سے افسوسناک واقعہ پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے جاں بحق نوجوانوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور جاں بحق نوجوانوں کے خاندانوں کو دلاسہ دیا اور صبر جمیل کیلئے دعا کی۔محسن نقوی نے کہاکہ جاں بحق نوجوانوں کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔8 نوجوانوں کا ایک حادثے میں دنیا سے چلے جانا سانحہ سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔پنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔زخمی نوجوانوں کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم زخمی نوجوانوں کے علاج معالجے کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔ ریسکیو1122 کی ٹیم نے ڈیڈ باڈیز کی تلاش کے لئے دن رات کام کیا۔ صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com