راولپنڈی(اردو ٹائمز) عمران خان کے معالج ڈاکٹر عاصم کو جیل میں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، واپس چلے گئے
احتجاج مؤخر کرانے کیلئے حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا طبی معائنہ کرائے جانے کی بات ماننے کے بعد ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف اڈیالہ جیل پہنچ گئے تاہم انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی اور وہ ملاقات کے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران خان کے طبی معائنہ کروانے کی شرط مانے کی بنیاد پر آج اپنا لاہور میں ہونے والا احتجاج مؤخر کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم یوسف بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی تھی اور ان کا طبی معائنہ کرنا تھا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف کو تاحال ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
ڈاکٹرعاصم سیکیورٹی عملے کو کوائف نوٹ کروا کر جیل عملے کو روانگی کا بتائے بغیر واپس چلے گئے۔
پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔