نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا وزیراعلیٰ شکایت سیل اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کا اچانک دورہ
بعض افسر اورعملہ دفتر میں موجود نہیں تھا جبکہ ایئر کنڈیشنڈ چل رہے تھے، محسن نقوی عملے کی غیر حاضری پر سخت برہم
شکایت سیل کے سربراہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم، افسر اور عملے کی غیر موجودگی میں ایئرکنڈیشنڈ چلانا قومی وسائل کاضیاع ہے
محسن نقوی کی شکایت سیل میں سائلین سے فون پر گفتگو، مسائل سنے، مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی
شہریوں کے مسائل ٹائم فریم کے اندر حل کئے جائیں، شکایت پر ہونیوالی پیشرفت سے سائل کو آگاہ رکھا جائے:محسن نقوی
لاہور12 جون:-نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج وزیراعلیٰ شکایت سیل اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کا اچانک دورہ کیا۔ محسن نقوی نے شکایت سیل اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ شکایت سیل اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بعض افسر اورعملہ دفتر میں موجود نہیں تھا جبکہ ایئر کنڈیشنڈ چل رہے تھے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی عملے کی غیر حاضری پر سخت برہم ہوئے اورشکایت سیل کے سربراہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ افسر اور عملے کی غیرموجودگی میں ایئرکنڈیشنڈ چلانا قومی وسائل کاضیاع ہے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ شکایت سیل میں سائلین سے فون پر گفتگو کی اور مسائل سنے۔ محسن نقوی نے سائلین کو مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شکایت سیل میں شہریوں کے مسائل ایک ٹائم فریم کے اندر حل کئے جائیں اور شکایت سیل میں آنے والی ہر شکایت پر ہونے والی پیش رفت سے سائل کو آگاہ رکھا جائے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری وزیراعلیٰ اور سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔