اسلام آباد (اردو ٹائمز) ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار
اسلام آباد (آئی پی ایس )ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار اور سوشل میڈیا اپلیکیشنز وی پی این پر بھی چلنا بند ہوگئیں جبکہ غیر رجسٹرڈ وی پی این کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع یا وی پی این فوری بند کرنے کا فیصلہ بھی نہ ہوسکا۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ کی رفتار سست روی کا شکار ہے جس کے باعث فیس بک، ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور وٹس ایپ سروسز بھی سست ہیں اور صارفین کو تصاویر، وائس نوٹ اور ویڈیوز اپ لوڈنگ اور ڈاون لوڈنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔صارفین وی پی این کے ذریعے سوشل میڈیا اپلیکیشنز استعمال کرنے پر مجبور تاہم وی پی اینز لگا کر بھی مشکلات آرہی ہیں۔پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ اور گوگل سروسز کو اپنی معمول کے آپریشنز انجام دینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروسز متاثر ہونے کی وجوہات بھی سامنے نہ آسکیں اور پی ٹی اے کا تاحال انٹرنیٹ سروسز میں سست روی پر بیان سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب وی پی این رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن ختم ہوگی ہے، رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع ہوگی یا نہیں اس حوالے سے بھی فیصلہ نہ ہوسکا، غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کے حوالے سے پی ٹی اے کو وزارت داخلہ کی ہدایات کا انتظار ہے ۔