چیئرمین نادرا طارق ملک کا مستعفی ہونے کا فیصلہ
چیئرمین نادرا طارق ملک نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ طارق ملک کے خلاف نادرا ٹھیکے میں مبینہ کرپشن اسکینڈل کا کیس بھی چل رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کیلئے چیئرمین نادرا طارق ملک وزیراعظم کے آفس پہنچ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نادرا طارق ملک نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ طارق ملک وزیر اعظم سے ملاقات میں استعفی پیش کریں گے۔یاد رہے کہ نادرا ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کے انکشاف کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چیئرمین نادرا محمد طارق ملک کے اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کرلیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد چیئرمین نادرا کے اثاثہ جات پر تحقیقات کر رہا ہے۔ ایف آئی اے نے نادرا ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے 19 مئی کو چیئرمین نادرا کو طلب کر رکھا ہے۔ نادرا نے مہنگے داموں ٹھیکہ من پسند بین الاقوامی کمپنی کو دیا تھا، مہنگے ٹھیکے سے قومی خزانے کو کروڑں روپے کا نقصان ہوا۔