LOADING

Type to search

قومی قومی خبریں

وزیراعظم پاکستان سے چیئرمین نادرا کی ملاقات، طارق ملک نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران محمد شہباز شریف نے چیئرمین نادرا کے طور پر طارق ملک کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ملاقات کے بعد میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں طارق ملک نےکہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں اور پارلیمان سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے۔ ان کی تمامتر کاوشوں اور کوششوں کا مرکز و محور ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ ٹیکنالوجی کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے ان تینوں کی ترقی اور بہتری کی راہ ہموار کی جائے کیونکہ یہی راستہ پاکستان کے روشن مستقبل کی طرف جاتا ہے۔

طارق ملک نے کہا کہ اپنی اسی سوچ کے تحت انہوں نے نادرا کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالی اور اپنے دو سالہ قیام کے دوران 45 سے زائد جدت آمیز خدمات اور سہولیات متعارف کرائیں جن کا مقصد بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانا، شہریوں کی بھرپور سہولت یقینی بنانا اور ٹیکنالوجی کو ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے استعمال میں لانا ہے۔

طارق ملک نے کہا کہ وہ خود کو اس لحاظ سے خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں کبھی ملازمت کی تلاش نہیں رہی بلکہ اپنے جذبہ تعمیر کے تحت بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانے کے مشن کو آگے بڑھانے کے مواقع ہمیشہ ملتے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ نے حال ہی میں انہیں پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب پر تیار کی جانے والی ‘نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2023’ کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جو نہ صرف ان کے لئے اعزاز ہے بلکہ انہیں اپنے اس مشن کو آگے بڑھانے کا ایک شاندار موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم سے پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد (SDGs) کی سرگرمیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے وہ پاکستان میں پارلیمان کو مضبوط بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے جبکہ زندگی ٹرسٹ کے ذریعے وہ ملک میں بچوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

طارق ملک نے کہا کہ ان حقائق کے پیش نظر وہ چیئرمین نادرا کے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں تاکہ پوری لگن اور دلجمعی کے ساتھ اپنی تمام ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے سکیں اور اپنے مشن کو آگے بڑھا سکیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com