پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے چین کو اعتماد چاہئے،مولانا فضل الرحمان
جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے چین کو اعتماد کی ضرورت ہے، چین کے ساتھ دوستی میں جو بھی رکاوٹ آئے اسے ملیا میٹ کر دینا چاہیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی کو مزید مضبوط کرنا ہوگا، چین نے اپنے پیسوں سے گوادر میں بین الاقوامی معیار کا ایئرپورٹ بنایا، سی پیک کے 10 سال پورے ہو گئے، اس منصوبے میں پاکستان کی ترقی کا راز ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان میں غیر متنازعہ ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے چین کے حوالے سے پالیسی کو تسلسل سے اپنایا، سی پیک صرف ایک سڑک نہیں اس کے ساتھ بہت سے اور منصوبے منسلک تھے۔
جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے کہا کہ مغربی ممالک پاکستان کو اب بھی کالونی سمجھتے ہیں، چین نے بہت سارے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے، ہم گزشتہ حکومت کے عزائم سمجھ چکے تھے، دنیا کے ساتھ اعتماد بحال کرنے میں وقت لگے گا،۔ انہوں نے کہا کہ قومی وحدت کے ساتھ ملک کو آگے لے کر جائیں گے، روس کو بھی ابھی سمجھ آگئی ہے کہ اسلامی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے ہیں، ہم نے پہلے ہی سے تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی تائید کی ہے