سی ڈی اے کا بھیکہ سیداں میں انسداد تجاوزات آپریشن جاری، متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار
اسلام آباد: (مورخہ 14 جون 2023): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کیپٹن نور الامین مینگل کی ہدایت پر اسلام آباد کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کے لئے انسداد تجاوزات آپریشن بھر پور طریقے سے جاری ہے. اس سلسلے میں بدھ کے روز بھی بھیکہ سیداں میں بھر پور کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کو ختم کردیا گیا. آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، لینڈ و بحالیات، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے حصہ لیا.
تفصیلات کے مطابق بھیکہ سیداں میں سرکاری اراضی پر تعمیر کردہ 58 کمرے، 26 واش رومز، 2 دکانیں، 14 کچن سمیت 18 چار دیواریوں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا. آپریشن کا مقصد سیکٹروں کے لئے ایکوائر کردہ زمین سے تجاوزات کو ختم کرکے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنا ہے.
اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن نور الامین مینگل نے کہا کہ بھیکہ سیداں کے علاقے سے تجاوزات کو ختم کرکے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے. انہوں نے مزید کہا کہ سیکٹروں کے لئے ایکوائر کردہ اراضی سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے شروع کیا گیا آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا. انہوں نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی.
واضح رہے گزشتہ کئی ماہ سے کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس کے نتیجے میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کروائی جاچکی ہے اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی قابضین کے خلاف یہ آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا.