تمام مظالم کے باوجودہمارا ہر کارکن چیئرمین پی ٹی آئی کے نظریے کیساتھ کھڑا ہے،علی نواز اعوان
پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اور سابق رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے تمام مظالم کے باوجود تحریک انصاف کا ہر کارکن آج بھی عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑا ہے،
معیشت دیوالیہ پن کے دہانے پر کھڑی ہے مگر حکومت کی ترجیح صرف پی ٹی آئی کی آواز دبانا رہ گیا ہے، کراچی میئر کے الیکشن نے پیپلز پارٹی کی نام نہاد جمہوریت پسندی کو بے نقاب کردیا، اتوار کو اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی نواز اعوان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے اپنی نااہلی چھپانے کے لئے پی ٹی آئی کے خلاف ظالمانہ کارروائیوں سے مارشل لاء کے دور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے
ہم بارہا اپنا یہ مطالبہ دہرا چکے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے کیونکہ پاکستان کا ہر ادارہ، ہر عمارت ہماری اپنی ہے انہیں نقصان پہنچانے والوں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے مگر ان کی آڑ میں پی ٹی آئی کے بے گناہ کارکنان کے خلاف جس طرح کی کارروائیاں کی گئیں اور کی جارہی ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کے گھروں حتیٰ کہ ان کے رشتے داروں، نوکروں کے گھروں کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے کاروبار تباہ کیے جا رہے ہیں امپورٹڈ حکومت نے عدالتی فیصلوں کو بے وقعت کرکے رکھ دیا ہے عدالتی احاطوں سے گرفتاریاں کی جارہی ہیں معیشت دیوالیہ پن کے دہانے پر کھڑی ہے مگر امپورٹڈ حکومت کا نشانہ صرف تحریک انصاف ہے
علی نواز اعوان، جو پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر بھی ہیں، نے کہا کہ گزشتہ سال 9 اپریل سے اب تک اسلام آباد کے کارکنان نے جتنا جبرو ظلم برداشت کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی مگر الحمدللہ وہ عزم و استقامت کے پہاڑ ثابت ہوئے ہیں ہمیں اپنے کارکنان پر فخر ہے
انہوں نے کہا کہ چند راہی ساتھ چھوڑ جائیں تو منزل کا حصول ترک نہیں کیا جاتا بلکہ عزم پہلے سے بھی جوان ہو جاتے ہیں پاکستان میں منصفانہ نظام انصاف اور حقیقی آزادی کے قیام کے لیے ہماری جدوجہد کل بھی جاری تھی اور آج بھی جاری ہے
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف منصفانہ اور شفاف انتخابات ہیں جس طرح کراچی میں میئر کے الیکشن میں شب خون مارا گیا اس نے پیپلز پارٹی کی نام نہاد جمہوریت پسندی کی قلعی کھول دی ہے ہمارا مطالبہ ایسے نہیں عوام کے لئے قابلِ قبول انتخابات کا جلد از جلد انعقاد ہے