استحکام پاکستان پارٹی کو حکومتی اتحادی بننے کی ضرورت نہیں، فردوس عاشق
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے ملکی مفادات کا تحفظ کرینگے۔ ایک نئی جماعت کو حکومت کی اتحادی بننے کی ضرورت نہیں ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کے ساتھ ملک کو مستحکم اور مسائل کو حل کرنا ہے جو ہمارا مقصد اور اولین ترجیح ہے، ہمیں عوام کیلئے امید اور روشنی کی کرن پیدا کرنی ہے، ہماری جماعت نفرتوں کا خاتمہ کرنے آئی ہے۔عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کا لائحہ عمل بنایا جائے گا، استحکام پارٹی ملک میں شدت پسندی کو ختم کرنے کیلیے کام کرے گی، معاشی اور سیاسی محاذ پر جاری عدم استحکام کے خاتمے کیلیے کام کریں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم لوگ مسائل کو لے کر تنقید تو کرتے ہیں مگر حل نہیں بتاتے، استحکام پارٹی چند دنوں میں باضابطہ اپنا منشور دے گی۔ حکومت کے ساتھ تو پہلے ہی 13 جماعتیں موجود ہیں، ایک نئی جماعت کو حکومت کی اتحادی بننے کی ضرورت نہیں ہے، استحکام پارٹی عوام کی ترجمانی کرے گی۔ ہماری پہلی پریس کانفرنس میں 100 سے زائد ٹکٹ ہولڈرز موجود تھے اور ان ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ کارکنان بھی ہیں، آئندہ ہفتے ہماری پارٹی میں کھڑکی توڑ انٹریاں نظر آئیں گی۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنہوں نے 160 کی اسپیڈ پر گاڑی چلائی وہ سیاسی وینٹی لیٹر پر چلے گئے، سیاست میں ہر بال پر چھکا نہیں مارا جاتا بلکہ ہم بال ٹو بال کھیلیں گے، جنہوں نے کلاں ہی کافی آں کا نعرہ لگایا ان کا حال سب نے دیکھ لیا