نئے مالی سال کا پہلے 4ماہ کے لئے پنجاب کا بجٹ عوام کیلئے خوش آئند
نگران حکومت کا بجٹ ہر لحاظ سے متوازن ہے، زراعت کیلئے صرف 4 ماہ میں 47 ارب روپے مختص کرنا ایک ریکارڈ ہے: عامر میر
نیا بجٹ پریکٹیکل بجٹ ہے،پہلی مرتبہ کسی حکومت نے گندم خریداری کی مد میں اربوں روپے کے بڑھتے ہوئے قرضے کو کم کرنے پر توجہ دی: اظفر علی ناصر
آئی ٹی میں ٹیکسوں کی چھوٹ سے ایکسپورٹ بڑھے گی، عوام میں خوشحالی آ ئے گی، زر مبادلہ بڑھے گا، فنانس ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے: ایس ایم تنویر
عوام کی فلاح وبہبود کیلئے شعبہ صحت کو ترجیحات میں شامل کرنے پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے اقدامات قابل ستائش ہیں:ڈاکٹر جاوید اکرم
پنجاب کے 4842 زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں میں سے 2500 پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم قابل تحسین:بلال افضل
بجٹ متوازن ہے، آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھنے سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بہتر ہوں گے:ابراہیم مراد
متوازن بجٹ کی منظوری پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں: ڈاکٹر جمال ناصر
آئین کے آرٹیکل 126 کے تحت نگران حکومت کو 4 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کا آئینی حق حاصل ہے، نگران حکومت نے خوش اسلوبی سے اپنا آئینی فریضہ سرانجام دیا: کنور دلشاد
زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے اہداف پورے کرنے پر نگران وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں:صوبائی مشیر وہاب ریاض
لاہور19 جون: -نگران صوبائی وزراء نے نئے مالی سال کے پہلے 4ماہ کے پیش کردہ بجٹ کو عوام کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں نگران صوبائی وزراء نے عوام پر کسی قسم کا بوجھ نہ ڈالنے اور آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے حکومت پنجاب کی پالیسیوں کو سراہا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت، آرکیالوجی عامر میر نے کہا کہ مالی سال 2023-24 کیلئے نگران حکومت کا بجٹ ہر لحاظ سے متوازن ہے جس میں صحت اور تعلیم کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ زراعت، لائیوسٹاک اور فشریز اور آبپاشی کیلئے صرف 4 ماہ میں تقریباً 65 ارب روپے کا مختص کیا جانا ایک ریکارڈ ہے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اوقاف اظفر علی ناصر نے کہا کہ نیا بجٹ پریکٹیکل بجٹ ہے اور پہلی مرتبہ کسی حکومت نے گندم خریداری کی مد میں اربوں روپے کے بڑھتے ہوئے قرضے کو کم کرنے پر توجہ دی۔ صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر نے کہا کہ آئی ٹی میں ٹیکسوں کی چھوٹ سے ایکسپورٹ بڑھے گی اور عوام میں خوشحالی آئے گی۔ زر مبادلہ بڑھے گا جس کیلئے محکمہ فنانس کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے شعبہ صحت کو ترجیحات میں شامل کرنے پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ محسن نقوی نے ثابت کر دیا کہ اگر آپ کا عزم غیر متزلزل ہے تو آپ کو عوام کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات بلال افضل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 4842 زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں میں سے 2500 پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوام کیلئے آسانی پیدا ہوتی ہے بلکہ مقررہ لاگت کے اندر منصوبوں کی تکمیل ممکن ہوتی ہے۔ صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ابراہیم مراد نے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی کی ضروریات کو مد نظر رکھنے کے امر سے بلاشبہ بجٹ کو متوازن اور بہترین قرار دیا جاسکتا ہے۔ آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھنے سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بہتر ہوں گے۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے متوازن بجٹ کی منظوری پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی اورعمدہ بجٹ پیش کرنے پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ صوبائی مشیر کنور دلشاد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 126 کے تحت نگران حکومت کو 4 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کا آئینی حق حاصل ہے اور موجودہ نگران حکومت نے خوش اسلوبی سے اپنا آئینی فریضہ سرانجام دیا۔ صوبائی مشیر وہاب ریاض نے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے اہداف پورے کرنے پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
٭٭٭