نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 18 واں اجلاس
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 18 واں اجلاس اندرون شہر میں منعقد ہوا۔ پنجاب کابینہ نے 5ایکڑ اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کردی۔ اجلاس میں سٹمپ ایکٹ 1899 کے فرسٹ شیڈول میں ترامیم کی منظوری دی گئی اور اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 میں ترامیم کی منظوری دی گئی اور پنجاب میں آئی ٹی کے کاروبار، تعلیم، ٹریننگ پرتمام ٹیکس و ڈیوٹیز ختم کر دی گئیں۔ کابینہ نے ہیپاٹائٹس اینڈ انفیکشن کنٹرول پروگرام اور پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی۔اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں تاریخی عمارتوں اور قدیم دروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیاگیا۔لاہور شہر کے 12 قدیم دروازوں کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کو تاریخی دروازوں کی بحالی کا ٹاسک دے دیا۔ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے ادارے کی کارکردگی اور تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔کامران لاشاری نے والڈ سٹی اتھارٹی کی بھرپور سپورٹ پر نگران وزیر اعلی محسن نقوی اور کابینہ کا شکریہ ادا کیا۔پنجاب کابینہ نے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں پنجاب ہیلتھ فسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی کیلئے نئے امور اور دائرہ کار کے حوالے سے معاہدے کی تجدید اور پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حوالے سے مختلف امور کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کے اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے 605 پراجیکٹ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔پنجاب میں 1500سی سی سے 2000سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں ایک فیصد کمی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں ان گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کے برابر کردی گئی۔ پنجاب کابینہ نے لارج سکیل مائننگ کے تحت چونا پتھر (لائم سٹون) اورایگریلیشئیش کلے کے رائلٹی ریٹس کے از سر نو تعین کی منظوری دی۔ کابینہ کے اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ میں سبسڈی میں کمی کیلئے نان۔فیئر ریونیو جنریشن ماڈل کی منظوری دی گئی جس کے تحت میٹروبس اوراورنج لائن ٹرین کے سٹیشنز پرکمرشل سرگرمیوں کی اجا زت دی جاسکے گی۔اجلاس میں میجر جنرل شیخ المر بن مکتوم بن جمعہ الملطوم گائنی ہسپتال گلاب والا،تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کو فنکشنل کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ہسپتال کو فنکشنل کرنے کیلئے گرانٹ کے اجراء اورسکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں سپیشل افراد (PWDs) کے حقوق کیلئے کونسل کے قیام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے5 ویں اجلاس،کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے تیسرے اجلاس اور کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے 7 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ معدنیات نے ر واں مالی سال 12ارب روپے کے ٹیکس وصولی کے ہدف کے مقابلے میں تقریباً14ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا۔ پنجاب کابینہ نے محکمہ معدنیات کی کارکردگی کی تعریف کی۔ صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،ڈی جی لاہوروالڈ سٹی اتھارٹی،سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔