قیامت خیز گرمی، آج کس شہر کا درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا سکتا ہے؟
محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوکنڈی میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے اس میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔
آج نوکنڈی میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اس کے علاوہ سبی میں پارہ 47 اور تربت میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کےبیشتراضلاع میں موسم گرم اور خشک رہےگا، تاہم شام اور رات میں خضدار اور ملحقہ علاقوں میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع کی جارہی ہے۔ بلوچستان کے مشرقی اور جنوب مغربی اضلاع بھی بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
کوئٹہ میں گزشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ گیا ہے، شہر میں آج دن میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے جبکہ آج شام یا رات کے دوران چند ایک اضلاع میں بارش متوقع ہے۔
صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے بیشتر اضلاع آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، گلگت بلتستان میں بھی دن بھرموسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں، اسلام آباد میں دن بھر موسم شدید گرم رہے گا جبکہ شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مری، گلیات اور گرد و نواح میں رات میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے، آزاد کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔