لاہور (اردو ٹائمز): نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ،تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ،تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، پیش رفت کا جائزہ لیا
تعمیراتی کاموں پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار، منصوبے پر کام کے دوران درختوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت
صحت کارڈ بند نہیں کیا، غریب کاعلاج جاری رہے گا۔ ہیلتھ کارڈ کے غلط استعمال کو روکنے کی کوشش کی ہے:محسن نقوی
ہیلتھ کارڈ پر دل کے آپریشن قطاً بند نہیں کئے، پراجیکٹس کو بروقت مکمل کرانا میری ترجیح،شفافیت کو ہر صورت میں یقینی بنائینگے
کلمہ چوک انڈر پاس میں پانی کھڑا ہونے کی رپورٹ طلب کر لی،غفلت پر کارروائی کرینگے،کرائم کاگراف نیچے آرہاہے
عیدالاضحی پر بہترین صفائی انتظامات پر وزراء عامر میر، اظفرعلی ناصر، کمشنر محمد علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر نے بے مثال کارکردگی کامظاہرہ کیا
لاہور3 جولائی: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے زیر تعمیر اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کے تعمیراتی کاموں پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کے دوران درختوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دن رات کام کیا جائے اور پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے یومیہ اڑھائی لاکھ گاڑیوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔پراجیکٹ سے اکبر چوک سے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو بہت سہولت ملے گی۔کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اور چیف انجینئر اسرار سعید نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلائی اوورز کی 153 میں سے 151 پائلیں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پائلوں کا 99 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ آخری دو پائلوں پر کام جاری ہے۔ 8 پائل کیپ بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔منصوبے کے یوٹرن پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ بند نہیں کیا، غریب کاعلاج جاری رہے گا۔ ہیلتھ کارڈ کے غلط استعمال کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہیلتھ کارڈ پر دل کے آپریشن قطاً بند نہیں کئے گئے۔ گورنمنٹ ہسپتال میں دل کے مریض کا ہیلتھ کارڈ پر 100 فیصد او رپرائیویٹ ہسپتال میں 70 فیصد مفت علاج ہورہاہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ماضی میں ہیلتھ کارڈ کے غلط استعمال کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔ خدانخواستہ ایمرجنسی ہو تو میں خود بھی علاج کے لئے سرکاری ہسپتال جانا چاہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ زیر تکمیل پراجیکٹس کو بروقت مکمل کروانا میری ترجیح ہے۔شفافیت کو ہر صورت میں یقینی بنائیں گے۔ترقیاتی منصوبوں پر مختصر وقت میں پروگریس سب کے سامنے ہے۔بارشوں کی وجہ سے کچھ تاخیر کا سامنا ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہدرہ او ردیگر پراجیکٹس پر عید کی چھٹیاں میں بھی کام جاری رہا۔ کنٹریکٹر نے لیبر کو 3گنا پے کر کے کام رکنے نہیں دیا۔لاہورکے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ ہر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لئے نیسپاک سے ٹیکنکل کلیرنس سرٹیفکیٹ لے رہے ہیں۔کلمہ چوک انڈر پاس میں پانی کھڑا ہونے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور جہاں بھی غفلت سامنے آئی کارروائی کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ لاہورپولیس کس کو پروٹوکول دے رہی ہے مجھے بتائیں۔ کرائم کاگراف نیچے آرہاہے تاہم جس سطح سے نیچے آنا چاہیئے تھا نہیں آ سکا۔لاہورمیں صفائی کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔لاہور شہر میں عیدالاضحی پر بہترین صفائی انتظامات پر وزراء عامر میر، اظفرعلی ناصر، کمشنر محمد علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر نے بے مثال کارکردگی کامظاہرہ کیا اور میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔