اسلام آباد(اردو ٹائمز) :انتخابات کی تیاریاں: مسلم لیگ (ن) کا رواں ماہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ
مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی زیر صدارت دبئی میں ہونے والے پارٹی اجلاسوں میں سیاسی و قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پارٹی قائدین نے مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی کی۔
پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا، نواز شریف نے پارٹی اور انتخابی امور سے متعلق مریم نواز کو ٹاسک سونپ دیا، انہوں نے عام انتخابات کیلئے منشور کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کر دی، پارٹی قائدین نے رواں ماہ انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں جلسے منعقد کئے جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے پارٹی کا بیانیہ نوجوانوں کو مد نظر رکھ کر بنایا جائے، نوجوانوں کیلئے آسان قرضے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا لائحہ عمل بیانیے میں شامل کیا جائے، ملک کو نقصان پہنچانے والی سیاسی جماعت کی پالیسیوں کو مسلسل ہدف تنقید بنانے کو ترجیح دی جائے۔