لاہور(اردو ٹائمز) پرویز الٰہی اور فرنٹ مین زمان کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے کار خاص زمان گن مین سے تفتیش میں اہم پیش رفت ہوگئی۔
پرویز الٰہی اور زمان کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔ پرویز الٰہی اور زمان رقم کے لین دین سے متعلق بات کررہے ہیں۔
زمان چوہدری پرویز الٰہی کے فرنٹ مین کے طور پر کام کرتا رہا اور اسے چند روز پہلے ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) حکام کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کے گرفتار گن مین محمد زمان کے موبائل فون سے اہم آڈیوز ملی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق آڈیوز میں سنا جا سکتا ہے کہ پرویز الہٰی اور محمد زمان رقم کے لین دین پر بات کر رہے ہیں۔ زمان کی سارہ انور کے گھر پر 71 بار موجودگی بھی تیکنیکی سہولتوں سے ثابت ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے عید سے قبل پرویز الہٰی کے کار خاص اور گن مین محمد زمان کو گرفتار کیا تھا جب کہ اسی روز ایف آئی اے نے اینٹی کرپشن کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد پرویز الہٰی کو بھی دوبارہ ایک اور کیس میں گرفتار کر لیا تھا۔
ایف آئی اےنے زمان کے موبائل سے برآمد آڈیو فرانزک کے لیے بھجوا دیں۔
پرویز الہٰی جو کیمپ جیل میں ہیں ان سے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین عید تعطیلات میں دو بار ملاقات بھی کرچکے ہیں اور انہیں پی ٹی آئی چھوڑ کر دوبارہ پارٹی اور خاندان میں واپس آنے کا مشورہ دے چکے ہیں تاہم پرویز الہٰی نے اس پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔