اسلام آباد(اردوٹائمز) : پاکستان آج تک 5جولائی 1977 کے اقدام کا خمیازہ بھگت رہا ہے،آصف زرداری
سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 5جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اقتدار کے لالچی ٹولے نے وطن کی آزادی، خودمختاری اور خودداری کو پامال کرتے ہوئے پاکستان کو اندھیرے کے طرف دھکیل دیا تھا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا 5 جولائی یوم سیاہ کے موقع پر پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان آج تک 5جولائی 1977 کے اقدام کا خمیازہ بھگت رہا ہے کیونکہ اقتدار کے لالچی ٹولے نے ملک میں لسانی اور فرقہ وار تعصب کی نرسریاں کھول کر معاشرے کو تباہ کر دیا تھا اور زمین پر جنت جیسے علاقے وزیرستان کو شدت پسندوں سے آباد کیا گیا۔
سابق صدرنے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے باوقار اور ایٹمی پاکستان کی تعمیر کی تھی اور پاکستان تیز رفتاری سے ترقی کی منزلیں طے کر رہا تھا۔
آصف علی زرداری نے 1973 کے آئین اور جمہوریت کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جمہوریت کی بحالی کے لئے پھانسیاں، کوڑے، قید اور تشدد برداشت کرنے والوں کو سرخ سلام پیش کیا۔ سابق صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے لئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی فلاسفی مشعل راہ ہے۔ ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا آزاد، خودمختار اور باوقار پاکستان تعمیر کریں گے۔
خیال رہے کہ پانچ جولائی 1977 کو فوجی جنرل ضیاالحق نے ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے دن کو یوم سیاہ کی طور پر منارہی ہے۔