اسلام آباد (اردو ٹائمز) :انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر پھر مہنگا، 2 روز سے جاری گراوٹ کا سلسلہ ٹوٹ گیا
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی روپے کے مقابلے میں گزشتہ 2 روز سے جاری گراوٹ کا سلسلہ کاروباری ہفتے کے تیسرے دن ٹوٹ گیا۔
بدھ کے روز کاروبار کا آغاز ہوا تو ابتدائی طور پر انٹربینک میں ڈالر روپے کے مقابلے میں مضبوط ہوا اور اس کی قدر میں 6 پیسے کا اضافہ ہوا، تاہم بعد میں ڈالر کی قیمت 2.06 روپے بڑھ کر 277.50 روپے کی سطح پر آ گئی۔
بعد ازاں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید بڑھ گئی اور دوپہر تک 2.56 روپے اضافے کے ساتھ ڈالر278 روپے کا ہو گیا۔ دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ایک روپے کا اضافہ کے ساتھ 280 روپے کا ہوگیا۔
واضح رہے کہ رواں کاروباری ہفتے کے پہلے اور دوسرے دن (پیر اور منگل) روپے کے مقابلے میں ڈالر تیزی کے ساتھ اپنی قدر غیر معمولی کھو بیٹھا تھا۔ گزشتہ روز ڈالر کی انٹربینک مارکیٹ میں قیمت مجموعی طور پر 10.55 روپے کم ہوئی تھی ، جس سے ڈالر 275.44 روپے کی سطح پر آ گیا تھا۔ اسی طرح گزشتہ دو روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت مجموعی طور پر 11 روپے کم ہوکر 279 روپے پر پہنچ گئی