اسلام آباد(اردوٹائمز) :مولانا فضل الرحمان کی حکومت سے ناراضی کی وجہ سامنے آگئی
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسمبلیوں کی میعاد بڑھانے کی حمایت اور آصف زرداری نے اسمبلیوں کی میعاد بڑھانے کی مخالفت کردی۔
تفصیلات کے مطابق انتخابات کے انعقاد پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی حکومت سے ناراضی کی وجہ سامنے آگئی۔
مولانا فضل الرحمان اسمبلیوں کی میعاد بڑھانے کے خواہاں ہیں جبکہ آصف زرداری نے اسمبلیوں کی میعاد بڑھانے کی مخالفت کردی، آصف زرداری نے نواز شریف کو بھی بر وقت انتخابات پر قائل کر لیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے ایک سال میعاد بڑھانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور مولانافضل الرحمان کو سخت مؤقف کی وجہ سےدبئی ملاقات کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
یاد رہے گذشتہ روز پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دبئی میں آصف زرداری اور نواز شریف کی ملاقات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ن لیگ کو پی ڈی ایم کو اعتماد میں لے کر دبئی میں ملاقات کرنی چاہیے تھی، دبئی ملاقات سے متعلق اب تک پی ڈی ایم کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کیا صرف تنقید کے لیے ہے؟ اعتماد میں لینا چاہے تھا، ہم اپوزیشن کو توڑنے سے بچانے کے لیے اسمبلی میں گئے۔