کراچی( اردو ٹائمز) :اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہی ہوں گے: وزیراعلی سندھ کا دعوی
کراچی:وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دعوی کیا ہے کہ اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتیں اپنی مدت پوری کریں گی، دو ماہ میں الیکشن ہوں گے، انتخابات میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت کرابھرے گی اور بلاول بھٹوزرداری وزیراعظم بنیں گے ۔اپنے ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ دبئی میں شہباز شریف پر اتفاق کی کوئی بات نہیں ہوئی، اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو ہی ہوں گے۔
وزیر اعلی سندھ نے میئر کراچی مرتضی وہاب اور کمشنر کراچی کے ہمراہ عبد اللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کرکے 3 روزہ عرس کا اختتام کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کیلئے آئین کے مطابق اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کروں گا۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ کابینہ فیصلے کے مطابق ایک ماہ میں صوبائی فنانس کمیشن بنا دیا جائے گا، کچے کے علاقے میں ڈاکوں کے خلاف بھرپور کارروائی جارہی ہے، پولیس اور رینجرز کی قربانیوں سے صوبے میں امن قائم ہوا ہے ، اربن ایریا میں اسٹریٹ کرائم مسلئہ ہے۔
وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس سے متعلق ہمارا ہر وفاقی حکومت سے مسئلہ رہا ہے، گیس میں سندھ کو اس کا حق نہیں مل رہا ہے، نوری آباد پاور پلانٹ سے سستی بجلی کراچی کو فراہم کی جاتی ہے، جب سے وہ پلانٹ لگا ہے ایک منٹ کیلئے بھی بند نہیں ہوا ہے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کابینہ فیصلے کے مطابق صوبائی فنانس کمیشن ایک ماہ میں بنالیا جائے گا ، لوکل گورنمنٹ میں دوہری تنخواہ وصول کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔