راولپنڈی(اردوٹائمز)ریجنل پولیس آٖفیسر راولپنڈی ریجن سید خرم علی کا کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ مدرسہ تعلیم القرآن راجہ بازار،مدینہ مارکیٹ اور محرم الحرام کے سلسلہ میں جاری جلوسوں کے روٹس و مجالس مقامات کا دورہ
،محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،مجالس و جلوس کے دوران ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر عملدآمد کو یقینی بنایا جائے گا،کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ۔محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی تعاون کو یقینی بنایا جارہا ہے، سید خرم علی آر پی او راولپنڈی۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن سید خرم علی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ مدرسہ تعلیم القرآن و مدینہ مارکیٹ کا دورہ کیا،مہتمم مدرسہ مولانا محمد اشرف اور مدینہ مارکیٹ میں انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر،حاجی اکرم اور دیگر تاجروں سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کے سلسلہ میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، مہتمم مدرسہ مولانا محمد اشر ف اورمدینہ مارکیٹ راجہ بازار انجمن تاجران کی طرف سے انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی،کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر تمام تر انتظامات کو مکمل کیا جارہا ہے،تمام متعلقہ ادارے انتظامات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے،بعد ازاں آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے ڈھوک رتہ امرال امام بارگاہ میں اور ڈھوک حسو میں جاری جلوس کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا، اس موقع پرایس ڈی پی او سٹی سرکل نے آر پی او کو سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی، آر پی او سید خرم علی نے کہا کہ پولیس نے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے کر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی تعاون کو یقینی بنایا جارہا ہے، ریجن بھر میں پولیس افسران و اہلکاران کے علاوہ رضا کاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ہیں،مزید آر پی او نے موقع پر موجو د افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجالس و جلوسوں کے دوران تمام تر انتظامات کی مزید بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔