LOADING

Type to search

قومی قومی خبریں

اسلام آباد(اردو ٹائمز) نگران حکومت بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے: مرتضیٰ سولنگی

 نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ پر انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور حمایت کرنا ہمارا بنیادی مینڈیٹ ہے۔ نگران حکومت بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے,

ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایک ذمہ دار اور آئینی عبوری حکومت ہیں اور ہم کسی آئینی عہدے کے خلاف کوئی تضحیک آمیز تبصرہ نہیں کرتے اور نہ ہی اس کا حصہ بنتے ہیں کیونکہ ہم اپنے حلف پر قائم ہیں۔نگران وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پچھلی مخلوط حکومت نے جو بھی اقدامات کیے اس کی خود ذمہ دار ہے۔ تاہم ہمیں بجلی، گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا علم ہے اور اس مقصد کے لیے ہم اگلے ہفتے معاشی بحالی کا پلان دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ روپے کی قدر میں بھی کمی ہوئی جس سے معاشی مسائل پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشی بحالی کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات بھی اپنانے ہوں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ کے تمام کابینہ ارکان اپنے اپنے شعبوں کے ماہر ہیں اور ہم مؤثر طریقے سے کام کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قانون اور آئین کا احترام کرتے ہیں اور کسی کے حق یا خلاف عدالتی معاملات میں مداخلت کرنا ہمارا مینڈیٹ نہیں ہے۔

9 مئی کے سانحہ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے جمہوریت کو کمزور کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے اور ہم اس کا احترام کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے پاکستانی شہریوں کے بیرون ملک جانے کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو حکومت پر تنقید کا حق ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com