! اسلام آباد(اردو ٹائمز)کرغزستان کے یوم آزادی کی پروقار تقریب اسلام آباد میں منعقد کی گئی
پاکستان میں کرغزستان کے سفارت خانے نے 31 اگست 2023 کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرغزستان کے یوم آزادی کی 32 ویں سالگرہ کی ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا۔ اس خصوصی تقریب میں سفارتی برادری، پاکستانی حکومتی عہدیداران، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف، سفارتی کور کے ڈین، تاجکستان، ترکمانستان، ملائیشیا، یمن، بیلاروس و دیگر کے سفیروں کے ہمراہ جمہوریہ کرغزستان کی آزادی کی 32ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے ابتدائی کلمات کے دوران، اولان بیک نے کرغزستان کے قیام سے لے کر اب تک ہونے والی پیشرفت کی وضاحت کی اور کرغزستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بیان کیا۔ انہوں نے کرغزستان اور پاکستان کے درمیان منفرد تعلقات پر زور دیا جو مشترکہ تاریخ اور عقیدے اور ثقافت کی مشترکات پر مبنی ہے۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اپنے ابتدائی کلمات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی سرگرمیوں کی بڑی گنجائش ہے۔ وہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت قومی ورثہ اور ثقافت CPEC کاروان کی ایک تقریب منعقد کرنے جا رہی ہے جس میں ہم کرغزستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
کرغزستان سے آئی فنکارہ روزا امانووا، جو ریکٹر اور کرغیز ریپبلک یوریشین انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم اور سائنس میں آرٹ کی پروفیسر ہیں، نے یوم آزادی کے استقبالیہ کے موقع پر ایک زبردست انسٹرومینٹل شو پیش کیا۔