وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ
اسلام آباد ( اردو ٹائمز ڈیجیٹل) وفاقی وزیر تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ رانا تنویر حسین کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کیا گیا۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر اکرام علی ملک بھر ان ہے ہمراہ شریک تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈیٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا جن کا دل پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ آج پاکستان سویٹ ہوم کے لیے بہت بڑا دن ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم خود ہمارے پاس چل کر آئے اور ان بچوں کی خدمت اور تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔ بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے آپکو بڑی عزتوں سے نوازا ہے۔ آپ نے ہمیشہ پاکستان سویٹ ہوم کے مشن کو آگے بڑھانے اور تعمیر و ترقی میں بھرپور تعاون کیا۔ بلاشبہ آپ پاکستان میں فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں ہیں اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت سمیت انسانیت کی بے لوث خدمات کے لیے بھی آپ نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا۔ میں بڑا فکر مند ہوں اپنے ان بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے مگر آج میں بڑے فخر سے بتاتا ہوں کہ میرے 200 سے زائد بیٹے اور بیٹیاں انتہائی قابل اساتذہ اور پروفیسرز کی زیر نگرانی آپ کے وفاقی گورمنٹ کے سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے مجھے زندگی کے خوبصورت مشن سے نوازا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے۔ 2009 میں پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز ایک بچے سے ہوا اور آج ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں۔ یقیناً پاکستان سویٹ ہوم یتیم بچوں کی جنت نظیر وادی ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے اور بچیاں آج ملک کی نامور یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ یہ ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے مراکز کراچی، سکھر، سرگودھا، گجر خان، کشمیر، شمالی وزیرستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں جہاں ہزاروں یتیم بچے زیر کفالت اور بہترین ماحول میں تربیت پا رہےہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کی بچیاں میرٹ پر کیڈٹ کالج لاڑکانہ کا بھی حصہ ہیں۔ زمرد خان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں پاک فوج کے تعاون سے گولڈن ایرو سویٹ ہوم قائم ہے، اللہ تعالیٰ کے مشن پر نکلا تو سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقت بھی دور نہیں جب میرے یہ بیٹے اور بیٹیاں دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر بنیں گے، ڈاکٹر، انجینئر، اور پروفیسر بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ یہاں ہر زبان رنگ و نسل و مذہب اور پاکستان کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچے ایک ہی چھت تلے پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں۔ میں ان بچوں کو بڑے آدمی نہیں بلکہ بڑے انسان بنانا چاہتا ہوں جو دنیا میں انسانیت کی خدمت میں پاکستان کی پہچان ہونگے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ زمرد خان صاحب کی قیادت میں یتیم بچوں کی کفالت کا یہ اعلیٰ معیار کا سسٹم بھی موجود ہے۔ میں نے پاکستان سویٹ ہوم کا بڑا نام سنا ہے مگر آج یہاں آکر اندازہ ہوا کہ کس قدر بڑے پیمانے پر یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کا یہ عظیم مشن جاری ہے۔ یہاں آکر ان بچوں سے مل کر بے حد سکون اور اطمینان ملا۔ ان بچوں سے مل کر بےحد متاثر ہؤا اور ان کے پاپا جانی زمرد خان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی۔ ان بچوں کے جذبات، حوصلے اور اعتماد نے دل جیت لیے اور یقیناً ان کے پاپا جانی زمرد خان صاحب خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اس عظیم مشن کا بیڑا اٹھایا اور بڑے احسن انداز میں یہ عظیم کام سر انجام دے رہے ہیں۔ دنیا میں اس سے عظیم اور کیا کام ہوسکتا ہے کہ آپ کسی یتیم بچے کی کفالت اور اسے بہترین تعلیم و تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں۔ تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ میں بطور وفاقی وزیر تعلیم مبارکباد پیش کرتا ہوں ہزاروں یتیم بچوں کے پاپا جانی زمرد خان صاحب اور ان کی تمام ٹیم کو جو اتنے عظیم مشن کی طرف گامزن ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بچے بہت آگے جائیں گے اور مستقبل میں اپنے ملک و قوم کا فخر بنیں گے۔ میں اپنی وزارت تعلیم کی طرف سے ان یتیم بچوں کے لیے 6 کروڑ روپے سالانہ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔حکومت پاکستان سمیت میں خود بھی زمرد خان صاحب کے اس عظیم مشن میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوں اور ہم ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جہاں تک ممکن ہے ان بچوں کی بہتری کے لیے زمرد خان صاحب کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم کے ہمراہ فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن کے دیگر افسران سمیت سکول و کالجز کے پرنسپل صاحبان بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔