پرویزالٰہی خاندان میں واپس آ سکتے ہیں ، ق لیگ میں نہیں، چوہدری شافع کا اعلان
مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شافع حسین نے کہا چوہدری پرویز الٰہی خاندانی طور پر واپس آنا چاہیں تو خیر مقدم کریں گے لیکن سیاسی طورپر انہیں چاہیے کہ اگر وہ پی ٹی آئی چھوڑتے ہیں تواپنی سیاسی جماعت بنالیں۔سابق گورنر پنجاب اور مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور کے ہمراہ جناح ہائوس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی خاندانی طورپر آنا چاہیں تو موسٹ ویلکم، سیاسی طورپر ان کے لیے بہتر ہے کہ اپنی سیاسی جماعت بنائیں، پاک فوج کی وجہ سے ملک میں امن ہے، نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم نہ چلائے۔
سابق گورنر پنجاب اور مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے جناح ہاوس اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کرنا چاہیے تاہم وہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں، جناح ہاوس اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والے افراد کو سزاملنی چاہیے تاہم انسانی ہمدردی کے تحت بے گناہوں کو رہا کیا جائے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے