یوکرین کی آبادی 32 سال میں 5 کروڑ 20 لاکھ سے کم ہو کر 2 کروڑ 90 لاکھ رہ گئی، رپورٹ
:یوکرین کی آبادی 32 سال میں5 کروڑ 20 لاکھ سے کم ہو کر 2 کروڑ 90 لاکھ رہ گئی۔ روسی ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق یہ بات یوکرینین انسٹی ٹیوٹ فار فیوچر نامی تھنک ٹینک کی طرف سے جاری رپور ٹ میں بتائی گئی۔ رپورٹ میں ملکی آبادی میں تیزی سے کمی کے رجحان پر تشویش کااظہار کیا گیا ۔ 1991 میں سابق سوویت یونین سے آزادی کے وقت یوکرین کی آبادی 5 کروڑ 20 لاکھ تھی ۔
روس کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد 2کروڑ 7 لاکھ یوکرینی شہری ملک چھوڑ گئے تھے جن میں سے کچھ واپس آ چکے ہیں لیکن 86 لاکھ تاحال واپس نہیں آئے اور زیادہ امکان یہ ہے کہ یہ لوگ مستقل طور پر یوکرین چھوڑ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں شرح پیدائش بھی بہت کم رہ گئی ہے ۔
ملک میں کمائی کرنے والے شہریوں کی تعداد اس وقت 90 لاکھ کے قریب ہے اور آئندہ صرف چند سال میں یوکرین میں کام کرنے والے شہریوں میں سے دو تہائی ریٹائر ہو جائیں گے جس کے نتیجہ میں ملک کی جی ڈی پی میں شدید کمی ہو جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال شروع ہونے والی جنگ میں مارے جانے والے یوکرینی شہریوں کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ الحاق کرنے والے علاقوں کی آبادی بھی ملکی آبادی میں تیزی سے کمی کا ایک بڑا سبب ہے