تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ کمی احتیاطی قدم ،مقصد مارکیٹ میں استحکام ہے،سعودی عرب
سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ان کے ملک کا اضافی تیل کی پیداوار میں رضا کارانہ کٹوتی کا فیصلہ احتیاطی قدم ہےجس کا مقصد مارکیٹ کو مستحکم کرنا ہے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے اوپیک پلس اجلاس کے بعدبتایا کہ ضرورت پڑنے پر ان کا ملک تیل کی پیداوار میں یومیہ ایک ملین بیرل کی کٹوتی جولائی سے آگے بڑھا سکتا ہے،قبل ازیں سعودی عرب نے اعلان کررکھا تھا کہ وہ جولائی میں خام تیل کی پیداور میں کمی کردے گا۔
شہزادہ عبدالعزیز ن کہا کہ ہم اس وقت تک احتیاطی تدابیر جاری رکھیں گے جب تک ہمیں مارکیٹ میں واضح استحکام نظر نہیں آتا، ہمارا مشن تیل کی مارکیٹ کو واضح اعداد و شمار کے ساتھ پیش کرنا ہے تاکہ استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔فیصلے کے مطابق سعودی عرب کی پیداوار مئی میں تقریباً 10 ملین بیرل فی یوم سے کم ہو کر جولائی میں 9 ملین بیرل یومیہ رہ جائے گی۔
واضح رہے کہ اوپیک پلس تیل برآمد کرنے والے ممالک ( اوپیک)اور روس کی قیادت میں اتحادیوں کی تنظیم ہے۔ یہ گروپ سات گھنٹے کی بات چیت کے بعد آؤٹ پٹ پالیسی پر ایک معاہدہ تک پہنچ گیا اور اس نے 2024 سے مجموعی پیداواری اہداف کو مزید 1.4ملین بیرل یومیہ تک کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔