چودھری شجاعت کی جیل میں پرویز الہٰی سے ملاقات،مونس الٰہی کا ردعمل آگیا
سربراہ مسلم لیگ (ق) چودھری شجاعت حسین نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی کی ملاقات کیمپ جیل میں ہوئی جس میں چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے سالک حسین بھی موجود تھے۔
چودھری شجاعت اور سالک حسین نے پرویز الہٰی سے ملاقات میں ان کا حال احوال دریافت کیا۔
ملاقات کے دوران سیاسی حالات کے بارے بھی گفتگو کی گئی۔
یاد رہے کہ پرویز الہیٰ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کا کیس چل رہا ہے اور اسی کیس میں وہ گرفتار ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ اب تک چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے دیگر اہم رہنما پارٹی چھوڑ چکے ہیں تاہم اب پرویز الہیٰ سے متعلق بھی دعوے کیے جارہے ہیں کہ وہ واپس مسلم لیگ (ق) میں چلے جائیں گے۔
دوسری جانب مونس الٰہی نے کہا ہے کہ میرے والد کو ان کے وکیلوں سے نہیں ملنے دیا جا رہا،میری والدہ کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی ہے۔ آج آئی جی پریزن خود چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹے چودھری سالک حسین کو لے کر ملوانے گئے ہیں۔ اب یہ ہمیں جواب دیں گے کہ اس ہفتے کی ملاقات خاندان والوں کی ہم نے کروا دی ہے